عرفان ملک: لاہور پولیس نے انمول پنکی کے انکشافات کے بعد کراچی پولیس سے رابطہ کر کے پنجاب میں سرگرم مبینہ ڈرگ ڈیلرز کی فہرست طلب کر لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق انمول پنکی کیس کے بعد پنجاب بھر میں منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہورفیصل کامران نے ڈی آئی جی کراچی سے بھی رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سرگرم ڈرگ ڈیلرز سے متعلق انکشافات اور ریکارڈ لاہور پولیس کے ساتھ شیئر کیا جائے گا جبکہ لاہور میں درج مقدمات کی تفتیش کیلئے بھی کراچی پولیس سے تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ انمول پنکی کو 2024 میں لاہور پولیس کے نارکوٹکس یونٹ نے گرفتار کیا تھا اور ملزمہ کو 10 سے 15 روز تک سی آئی اے کوتوالی میں رکھا گیا تھا تاہم دوران حراست ایک انسپکٹر رینک افسر نے ملزمہ سے قربت اختیار کی جبکہ بعد ازاں مبینہ مالی معاملات کے باعث ملزمہ کو گرفتار کرنے یا مقدمہ درج کرنے کے بجائے چھوڑ دیا گیا۔
پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ افسر نے بعد میں ملزمہ سے شادی کر لی اور 2025 میں ریٹائر ہو گیا جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی مبینہ طور پر منشیات فروشی کے نیٹ ورک میں معاونت کرتا رہا جبکہ انمول پنکی لاہور کے فارم ہاؤسز پر مبینہ گرینڈ پارٹیز کا انعقاد کرتی رہی جہاں پولیس افسران اور منشیات کے عادی افراد شرکت کرتے تھے، جبکہ اس کا نیٹ ورک کراچی سے لاہور تک سرگرم رہا۔