ویب ڈیسک: اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق چودھری پرویز الہٰی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں ہوئی۔ عدالت کے روبرو سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی نے پیش ہو کر اپنی حاضری مکمل کروائی جبکہ پرویز الہٰی کی جانب سے طبیعت ناسازی کے باعث ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی طبیعت خراب ہے اور ڈاکٹروں نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اس لیے عدالت ایک روزہ حاضری سے معافی کی اجازت دے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد چودھری پرویز الہٰی کی درخواست منظور کر لی اور شریک ملزم مختار احمد رانجھا کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لیے۔