ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب کی پرفارمنس پر اطمنان کا اظہار کیا اور سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی پرفارمنس پر اطمنان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں پارٹی کی حکومت کی کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم قائدِعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس وقت جنگ کے حالات ہیں، ہمیں متحد رہنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعلی سندھ اور ان کی کابینہ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے مراد علی شاہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ اور آپ کی ٹیم بہت اچھا کام کررہی ہے، اپنے اچھے کاموں کے تسلسل کو جاری رکھیں۔ آصف علی زرداری نے سندھ اسمبلی کے ارکان سے کہا کہ عوام کی خدمت کے سلسلے کو جاری رکھیں۔ مشکل حالات میں بھی عوام کو جتنا ممکن ہوسکے، ریلیف دیا جائے۔
پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے اجلاس سے گفتگو میں کہا کہ اس وقت دنیا میں جنگ کے حالات ہیں، ان حالات میں تمام سیاست دانوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئیے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی سے خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے باوجود سندھ کے وزیراعلی جس انداز میں صوبے کا مقدمہ لڑتے ہیں، وہ قابل تعریف ہے۔
اجلاس میں صدر مملکت اور پارٹی کے مینٹور آصف علی زرداری، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کے ساتھ ساتھ وزیراعلی مراد علی شاہ اور پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، صوبائی حکومت کی کابینہ کے تمام ارکان، اور سندھ اسمبلی مین پارٹی کے ارکان شریک تھے۔