ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش،نشیبی علاقے زیر آب

لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش،نشیبی علاقے زیر آب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: لاہور میں اتوار کے روز مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے علاقوں فیروز پور روڈ، سمن آباد، گلشنِ راوی، مزنگ، سبزہ زار، اعوان ٹاؤن ، کریم بلاک، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، ڈیفنس اور کینال روڈ سمیت متعدد مقامات پر  تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث شہریوں نے گرمی کے بعد موسم میں آنے والی خوشگوار تبدیلی کا خیرمقدم کیا۔

دوسری جانب واسا اور ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں سے پانی کے فوری نکاس کے لیے عملے کو الرٹ کر دیا ہے جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوائیں 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد ہے۔

ادارے کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اور شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے.

  محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارشوں کا سلسلہ 16 مارچ تک جاری رہے گا۔

دوسر ی جانب  پنجاب کے مختلف شہروں حاصل پور، سرگودھا، بہاولنگر، عارف والا، دنیا پور، سانگلہ ہل میں بھی بادل برسے، منچن آباد، فیصل آباد، قصور اور دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

 بارش کے بعد کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 شہر قائد میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے ،شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔