(عثمان علیم) شہر میں کورونا وائرس کا پہلا کیس منظر عام پر آنے کے باوجود مناسب حفاظتی انتظامات نہیں کئے گئے، اشیاء ضروریہ کی خریداری کے لیے بازاروں میں شہریوں کا رش لگ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل بازاروں میں اشیاء ضروریہ کی خریداری کے لیے شہریوں کا رش لگ گیا ، کورونا وائرس کے پیش نظر نامناسب حفاظتی انتظامات کئے گئے جس کی وجہ سے مہلک وائرس کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، صرف ٹاؤن شپ ماڈل بازار میں دکانداروں اور شہریوں میں ماسک تقسیم کیے گئے، داخلی راستوں پر ہینڈ سینٹائزر کے استعمال کے بعد داخلے کی اجازت ہے۔
ذرائع کا کہناتھا کہ شہر میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق کے بعد حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے، جبکہ ماڈل بازار انتظامیہ کی جانب سے شہر کے ماڈل بازاروں میں تاحال کوئی انتظامات نہیں کیے گئے،ہزاروں کی تعداد میں ماڈل بازاروں کا رخ کرنے والے شہریوں میں کرونا وائرس کے خطرات کا خطرہ ، مصرف ٹاؤن شپ ماڈل بازار میں انتظامیہ نے خود ساختہ طور پر تمام دکانداروں اور شہریوں میں فیس ماسک تقسیم کیے اور داخلی راستوں پر ہینڈ سینٹائزر کے استعمال کو یقینی بنا کر ماڈل بازار داخلے کی اجازت دی۔
ماڈل بازار انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماڈل بازار ٹاؤن شپ میں کورونا خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کیے گئے ہیں،ایک جانب جہاں شہر بھر میں پبلک مقامات پر کورونا کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے وہیں ماڈل بازاروں میں بھی اس حوالے سے انتظامات کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔