ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بارشیں، آندھیاں، کمزور درخت شہریوں اور ٹریفک کے لیے خطرہ، سی ٹی او کا ڈی جی پی ایچ اے کو مراسلہ

بارشیں، آندھیاں، کمزور درخت شہریوں اور ٹریفک کے لیے خطرہ، سی ٹی او کا ڈی جی پی ایچ اے کو مراسلہ
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری: بارشوں اور تیز آندھیوں کے دوران شہر بھر میں پرانے، خشک اور کمزور درخت شہریوں، گاڑیوں اور ٹریفک کی روانی کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔ متعدد واقعات میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات کے بعد چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے درختوں کی دیکھ بھال اور کانٹ چھانٹ کے لیے ڈی جی پی ایچ اے کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

سی ٹی او کے مطابق 11 جون کو شہر کے مختلف علاقوں میں درخت گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے جن کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان رپورٹ ہوا۔ کینال روڈ پر ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب ایک درخت گاڑی پر گر گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

اسی روز مال برج کینال روڈ پر درخت گرنے سے ٹریفک پولیس کی کیبن اور موٹرسائیکل کو نقصان پہنچا، جبکہ جلو موڑ ہربنس پورہ کے قریب درخت گرنے کے باعث ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق اڈا پلاٹ سے جاتی عمرہ روڈ تک مختلف مقامات پر بھی درخت گرنے کے واقعات پیش آئے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ عبداللہ چوک، راجباہ ہاؤس اور رانجھا پلی کے علاقوں میں بھی درخت گرنے سے سڑکوں پر رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔

سی ٹی او لاہور نے اپنے مراسلے میں لاہور کی تمام اہم شاہراہوں پر درختوں کے جامع سروے اور معائنے کی تجویز دیتے ہوئے خطرناک، کمزور اور خشک درختوں کے ساتھ ساتھ بڑی شاخوں کی فوری کانٹ چھانٹ اور تراش خراش کی سفارش کی ہے۔

مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عوامی تحفظ، ٹریفک کی روانی اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ بارشوں اور آندھیوں کے دوران شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔