کلیم اختر:لاہور: پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے ٹیکس ادائیگی میں خردبرد، جعلسازی اور نادہندگی کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق ریکارڈ میں خردبرد اور واجب الادا ٹیکس کی عدم ادائیگی پر 14 کاروباری مقامات کو سربمہر کیا گیا جبکہ کروڑوں روپے کی ریکوری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
پی آر اے حکام کے مطابق لاہور ڈویژن میں معروف فوڈ چینز کے پانچ آؤٹ لیٹس کو ٹیکس ریکارڈ میں بے ضابطگیوں اور خردبرد کے الزامات پر سیل کیا گیا۔ اس کے علاوہ متعدد کاروباری اداروں کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے ٹیکس واجبات بروقت ادا کریں اور قانونی تقاضے پورے کریں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹیکس گوشواروں میں جعلسازی، غلط معلومات فراہم کرنے اور مقررہ وقت پر گوشوارے جمع نہ کروانے والے افراد اور اداروں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔ مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے، جن میں جرمانوں کی وصولی کے لیے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنا بھی شامل ہے۔
چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے کہا ہے کہ واجب الادا ٹیکس کی فوری وصولی کے لیے صوبہ بھر میں خصوصی انفورسمنٹ مہم جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دھوکہ دہی کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے اور ایسے افراد و اداروں کو قانونی نوٹسز بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔
پی آر اے کے مطابق ٹیکس نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے اور سرکاری محصولات میں اضافے کے لیے یہ اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔