پاسدارانِ انقلاب اسلامی ایران کا قیام ایک تاریخی اور نظریاتی تناظر میں ہوا جو ایران کے 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد کے حالات سے جڑا ہوا ہے۔ شاہ ایران کے خلاف کامیاب عوامی انقلاب کے بعد ایک نئی حکومت قائم ہوئی، جس کی بنیاد مذہبی قیادت اور اسلامی نظریات پر رکھی گئی۔ انقلاب کے بعد نئے نظام کو کئی خطرات کا سامنا تھاجیسا کہ اندرونی خلفشار، شاہ کے وفادار عناصر کی بغاوت کا خطرہ، اور سب سے بڑھ کر بیرونی مداخلت کا اندیشہ۔ ایسے میں رہبر انقلاب آیت اللہ خمینی نے ایک ایسے حفاظتی ادارے کے قیام کی ضرورت محسوس کی جو صرف فوجی طاقت نہ ہو بلکہ انقلابی اقدار کی محافظ بھی ہو۔ یہی وجہ تھی کہ سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی وجود میں آئی، جس کا مقصد صرف سرحدوں کی حفاظت نہیں بلکہ انقلاب کی نظریاتی حفاظت، ولایتِ فقیہ کی حفاظت، اور داخلی سازشوں کا خاتمہ کرنا تھا۔ یہ تنظیم ریاست کے اندر ایک متوازن لیکن زیادہ وفادار اور نظریاتی عسکری ڈھانچے کے طور پر ابھری جو جلد ہی ایران کے سیاسی، سماجی، اور اقتصادی نظام پر اثرانداز ہونے لگی۔
ایران عراق جنگ کے دوران پاسداران نے اپنی عملی عسکری مہارت اور قربانیوں سے اپنی اہمیت ثابت کی, جنگ کے بعد یہ تنظیم محدود دفاعی ذمہ داریوں سے نکل کر علاقائی سطح پر ایران کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہو گئی, اس کی قدس فورس نے لبنان، شام، عراق اور یمن جیسے خطوں میں ایرانی اثر و رسوخ کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ایران کے اندر یہ تنظیم ایک طاقت ور سیاسی، اقتصادی اور انٹیلی جنس ادارہ بن چکی ہے، کئی ملٹری اور کمرشل ادارے، تعمیراتی کمپنیاں، بینک، میڈیا ہاؤسز اور حتیٰ کہ تعلیمی ادارے بھی اس کے زیرِ اثر ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ پاسداران ایک خالص انقلابی فورس سے بڑھ کر ریاستِ ایران کی "ڈی فیکٹو" طاقت بن گئی۔
تاہم اس وسیع تر اثر و رسوخ اور قوت کے باوجود پاسدارانِ انقلاب حالیہ برسوں میں کئی بار اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد کے ہاتھوں بے نقاب اور بے بس نظر آئی ہے۔ اسرائیل نے ایرانی سرزمین کے اندر کئی خفیہ اور اہم کارروائیاں انجام دی ہیں، جن میں نطنز نیوکلیئر پلانٹ پر سائبر حملے، خفیہ دستاویزات کی چوری، اور حال ہی میں ایران کے ایٹمی پروگرام پر کام کرنے والے سائنسدانوں کی موساد کے ہاتھوں ہلاکتیں شامل ہے ۔ ان تمام واقعات نے دنیا میں یہ تاثر ابھارا ہے کہ ایران کی سب سے طاقتور سیکیورٹی فورس اپنے ہی مرکز میں مکمل تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ موساد کی کارروائیاں نہ صرف تکنیکی مہارت کا نتیجہ تھیں بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہیں کہ پاسداران کے نظامِ سیکیورٹی میں اندرونی کمزوریاں موجود ہیں، جن سے دشمن فائدہ اٹھانے میں کامیاب ہوا۔
موساد کی کامیابیوں کا ایک اہم پہلو ایرانی اداروں میں دراندازی ہے۔ کئی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ اسرائیلی ایجنسی نے پاسداران اور دیگر حساس اداروں کے اندر اپنے نیٹ ورک قائم کیے، یہ دراندازی صرف ٹیکنالوجی یا ہیکنگ تک محدود نہیں بلکہ انسانی ذرائع پر بھی مشتمل تھی۔ یہ بات واضح ہے کہ پاسدارانِ انقلاب، جو خود انٹیلیجنس اور کاؤنٹر انٹیلیجنس میں مہارت رکھتی ہے، اپنے اندرونی حلقوں میں موجود غدار عناصر کا سراغ لگانے میں ناکام رہی۔ یہی وہ لمحہ فکریہ ہے جو ایک دفاعی ادارے کی بنیادوں کو کمزور کرتا ہے۔ محسن فخر زادہ کے قتل کا واقعہ جو مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ریموٹ کنٹرول ہتھیار کے ذریعے ہوا، ایران کے داخلی سیکیورٹی نظام کی کمزوری کو کھول کر رکھ دیتا ہے۔
ایک اور اہم سبب پاسداران کے اندرونی ڈھانچے کی بوسیدگی اور سیاسی کرپشن ہے، جب کوئی عسکری ادارہ سیاست اور معیشت میں ضرورت سے زیادہ دخل دینے لگ جائے، تو اس کی توجہ اور توانائی اپنے اصل مقصد سے ہٹ جاتی ہے، پاسداران کے کئی اعلیٰ افسران پر کرپشن اورسیاسی وابستگی کے الزامات لگتے رہے ہیں، جو اس کی تنظیمی شفافیت اور نظریاتی وابستگی کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اسی طرح، جب ادارہ اپنی سرگرمیاں شام، یمن اور عراق جیسے ممالک میں وسعت دیتا ہے، تو داخلی معاملات کی نگرانی میں سستی اور کمزوری پیدا ہوتی ہے، جس کا فائدہ موساد جیسے دشمن ادارے اٹھاتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پاسداران نے بیرون ملک اپنی سرگرمیاں بڑھاتے ہوئے داخلی حساسیت کو نظر انداز کیا، اور یہی بے احتیاطی ان کی سب سے بڑی کمزوری بنی۔
ان تمام پہلوؤں کا مجموعی نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب اپنے وسیع اثر و رسوخ، مالی وسائل، اور نظریاتی بنیادوں کے باوجود ایک ایسے مقام پر پہنچ گئی ہے جہاں وہ ایک طرف ریاست کی طاقت بن چکی ہے، اور دوسری جانب اپنی بنیادی ذمہ داری یعنی ایرانی سرزمین پر محفوظ ماحول کی فراہمی میں ناکامی کا شکار بھی ہو رہی ہے۔ اگر یہ تنظیم اپنے حقیقی نظریاتی اور انقلابی اصولوں پر واپس آنا چاہتی ہے، تو اسے سب سے پہلے اپنے اندرونی نظام میں احتساب، شفافیت، اور پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینا ہوگا،داخلی سیکیورٹی پر دوبارہ توجہ دینا، دراندازی کو روکنا، اور سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر صرف ریاستی مفاد کو ترجیح دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ جبکہ دوسری صورت میں پاسداران انقلاب کے خلاف موساد جیسے ادارے نہ صرف کامیاب ہوتے رہیں گے بلکہ ایران کے قومی وقار اورخودمختاری کو بھی خطرے میں ڈالتے چلے جائیں گے۔