ویب ڈیسک:16 جولائی کے بعد عوام کو پیٹرولیم مصنوعات نئی قیمتوں پر ملیں گی، قیمتوں میں آج سے آئندہ 15 روز کے لیے اضافے کا امکان ہے۔
رواں ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 39 پیسے تک کا اضافہ کیا گیا تھا، اس وقت پیٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر ،جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔
آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا امکان ہے، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6.60 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 5.27 روپے اضافے کا امکان ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں ڈھائی فیصد اضافے کے بعد نئی قیمت 273.39 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 1.9 فیصد اضافے کے ساتھ نئی قیمت 278.25 روپے فی لیٹر متوقع ہے۔
اس تبدیلی کی بنیادی وجوہات شرح مبادلہ اور پیٹرولیم لیوی (پی ایل) میں رد و بدل ہیں تاہم مٹی کے تیل (کیروسین) کی قیمت میں فی لیٹر 3.74 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت میں 2.23 روپے کمی متوقع ہے۔
بین الاقوامی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات (پی او ایل) کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
خام تیل کی قیمتیں 71 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی ہیں اور اگر روس نے یوکرین پر جنگ بند نہ کی تو پیٹرولیم مصنوعات (پی او ایل) کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا جس کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان جیسے درآمدی معیشت والے ملک کو ہوگا۔