(حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اکتوبرمیں ڈومیسٹک کرکٹ سیزن شروع کرنے کے لئے تیاریوں کا آغازکردیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ڈومیسٹک کرکٹ سیزن شروع کرنے کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ، ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ڈائریکٹرہائی پرفارمنس سنٹرز ندیم خان سے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن اکتوبر میں شروع کرنے پر مشاورت کی ہے ۔ دونوں کے درمیان ہونے والی مشاورت میں طے پایا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایس او پیز تیار کیے جائیں گے۔ ایس اوپیز کو رواں ہفتے حتمی شکل دے دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ سیزن انٹرنیشنل کرکٹ کے ایس او پیز کے تحت شروع ہوگا اوراس کیلئے کھلاڑیوں اور اسٹاف کی پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ کروانے کی تجویز سامنے آئی ہے جبکہ ڈومیسٹک سیزن کو مخصوص شہروں میں کروانے کی تجویز زیرغور ہے، کورونا وائرس کے باعث ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے دورانیے پر فیصلہ ستمبر میں ہوگا۔