سٹی 42: ملتان سلطانز نے محمد رضوان کی قائدانہ صلاحیتوں سے بھی فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے لئے انہیں کپتان مقرر کر دیا کیونکہ وکٹ کیپر اور بیٹسمین محمد رضوان اس وقت کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد رضوان نے ڈومیسٹک کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں بطور کپتان اپنی صلاحیتیں منوائی ہیں اسی لئے انہیں کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا، یاد رہے کہ قبل ازیں شان مسعود ملتان سلطانز کی قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
Official Announcement: Multan Sultans announces Mohammad Rizwan as captain of the franchise for #HBLPSL6 pic.twitter.com/dIFD3TKaub
— Multan Sultans (@MultanSultans) February 15, 2021
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر سرِ فہرست رہے مگر پلے آف میچز میں توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کر پائے اور ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کی قیادت کا منتظر ہوں، شاہد خان آفریدی، سہیل تنویر اور شان مسعود جیسے سینئر کھلاڑیوں کا ساتھ میسر ہونا خوش آئند ہے، ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔