سٹی42: جیل میں قید سیاسی رہنما پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ ممتاز سیاسی رہنما کی بھابی انتقال کر گئیں۔ کنبہ میں ماتم، تدفین میں شرکت کے لیے رہائی کی درخواست سامنے آ گئی۔
پروسی ملک بھارت میں مسلم کمیونٹی کے اہم رہنما، سماج وادی پارٹی کے سینئیر سیاست دان اعظم خان اور ان کا بیتا عبداللہ اعظم دونوں جیل میں قید ہیں اور آج شام اعظم خان کی بھابی فوت ہو گئی ہیں۔ اعظم خان کےاہل خانہ نے ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھا ہے جس میں گزارش کی گئی ہے کہ اعظم خان اور عبداللہ اعظم کو جیل سے 4 گھنٹے کی پیرول دی تاکہ وہ مرحومہ کے جنازہ میں شریک ہو سکیں۔
سماج وادی (سوشلسٹ) پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کی بھابھی کے انتقال کی خبر سے اتر پردیش اور سارے بھارت کی مسلم کمیونٹی میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس بارے میں اہل خانہ نے اتر پردیش میں رامپور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سماج وادی (سوشلسٹ) پارٹی لیڈر اعظم خان کو ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کے ساتھ بھابی کے جنازہ مین شریک ہونے کے لئے کم از کم 4 گھنٹے کی پیرول دے دیں۔
دراصل اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ خان رامپور کی جیل میں بند ہیں۔ اعظم خان کی بھابھی کے انتقال سے پورے کنبہ کے ساتھ علاقہ بھر میں ماتم کا ماحول ہے۔ اہل خانہ کے ایک فرد نے ضلع مجسٹریٹ کو اس بارے میں خط لکھا ہے، جس میں کہا ہے کہ ’’عرضی گزار کے سگے ماما محمد اعظم خان ابن مرحوم ممتاز خان اور ان کے بیٹے محمد عبداللہ اعظم خان اس وقت ضلع جیل رامپور میں قید ہیں۔ محمد اعظم خان کی سگی بھابھی سلمہ شہناز بیوی شریف خاں، باشندہ ٹنکی نمبر 5 گھیر میر باز خاں تھانہ گنج ضلع رامپور کا انتقال ہو گیا ہے۔‘‘
خط میں بتایا گیا ہے کہ عرضی گزار کے ماما محمد اعظم خان کی سگی بڑی بھابھی اور محمد عبداللہ اعظم خاں کی سگی تائی ہیں، ان کا آخری دیدار و تدفین میں وہ شامل ہونا چاہتے ہیں، اور ان کا یہ حق ہے۔ سلمہ شہناز کی تدفین ممتاز پارک کے سامنے واقع قبرستان میں کل شام 4 بجے رامپور میں کیا جانا طے پایا ہے۔ اس خط میں اپیل کی گئی ہے کہ محمد اعظم خاں ابن ممتاز خان و محمد عبداللہ اعظم خان ابن محمد اعظم خان کو 2 بجے دوپہر سے 6 بجے شام تک تدفین میں شامل ہونے کے لیے پیرول فراہم کرنے کا کرم کریں۔ اعظم خان اور ان کے بیٹے کی پیرول کے لیے یہ خط فرحان علی نے لکھا ہے۔
Stay tuned with 24 News HD Android App