ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

موت العالِم موت العالَم؛ حضرت ذوالفقار  احمد مجددی کے انتقال پر پاک و ہند میں صفِ ماتم بچھ گئی

Pir Zulfaqar Ahmad Mujaddadi Naqshbandi, Hamiyat Ulma e Hind, Asad Madni, Mir Waiz Umar Farwwq, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: جلیل القدر اور جید عالمِ دین کے انتقال پر پاکستان کے ساتھ پڑوسی ملک میں بھی صفِ ماتم بچھ گئی۔

مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددیؒ  کے انتقال پر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا تعزیتی پیغام بھی سامنے آیا ہے اور بہت سے دوسرے اکابرِ امت نے حضرت مولانا مجددی کے انتقال پر تعزیت اور افسوس  کے پیغامات نیوز میڈیا اور سوشل میڈیا پر شائع کئے ہیں۔
مولانا محمود اسعد مدنی نے حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددیؒ سے اپنے اصلاحی اور دلی تعلق کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے ذاتی خسارہ اور سخت صدمہ ہوا ہے۔ 


 برصغیر ایک مخلص داعی، صاحبِ نسبت صوفی بزرگ اور بے لوث مربی سے محروم ہو گیا ، اسعد مدنی
پڑوسی ملک میں علمائے دیوبند کی سب سے بڑی جماعت  جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے نامور اسلامی اسکالر، سلسلۂ نقشبندیہ مجددیہ کے ممتاز روحانی پیشوا حضرت مولانا پیر حافظ ذوالفقار احمد نقشبندی مجددیؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ پیر صاحب کا شمار عصرِ حاضر کی ان قابل قدر روحانی و اصلاحی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں تزکیۂ نفس، اصلاحِ اخلاق اور اتباعِ سنت کے پیغام کو عالمی سطح پر عام کیا۔ ان کی وفات سے عالمِ اسلام بالخصوص برصغیر ایک مخلص داعی، صاحبِ نسبت صوفی بزرگ اور بے لوث مربی سے محروم ہو گیا ہے۔


مولانا مدنی نے کہا کہ حضرتؒ کی یہ امتیازی خصوصیت تھی کہ انہوں نے تصوف کو عملی زندگی، معاشرت اور خاندانی نظام سے جوڑ کر پیش کیا اور جدید تعلیم یافتہ طبقے کو بھی دین و شریعت کے قریب لانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی تصانیف و اصلاحی بیانات ان کی دینی بصیرت اور فکری وسعت کا روشن ثبوت ہیں۔
مولانا مدنی نے حضرتؒ سے اپنے اصلاحی اور دلی تعلق کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے ذاتی خسارہ اور سخت صدمہ ہوا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ رب العزت حضرت ممدوح کی تمام دینی و روحانی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔

امت کا عظیم دعوتی اور روحانی نقصان؛ میر واعظ مولوی عمر فاروق کی تعزیت

کشمیری  حریت پسند رہنما اور کشمیر کے سب سے بڑے روحانی سجادہ کے وارث میر واعظ عمر فاروق نے بھی حضرت ذوالفقار احمد نقش بندی کے انتقال پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ ایکس پر اپنے تعزیت نامہ میں میر واعظ معر فاروق نے لکھا،"یہ سانحہ امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم دعوتی اور  روحانی خسارہ ہے، مرحوم اصلاح نفس، تزکیہ قلب اور دین کی خاموش مگر گہری خدمت کا روشن چراغ  تھے۔


انتہائی رنج و غم کے ساتھ حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کی وفات کی خبر موصول ہوئی۔ یہ سانحہ امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم دعوتی اور روحانی خسارہ ہے۔ مرحوم اصلاحِ نفس، تزکیۂ قلب اور دین کی خاموش مگر گہری خدمت کا روشن چراغ تھے۔ اللّٰہ تعالی انہیں اعلیٰ علیین میں بلند مقام عطا فرمائے، ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور اہلِ خانہ و عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین"

 

 برصغیر پاک و ہند کی دیگر نمایاں شخصیات بھی حضرت مولانا  ذوالفقار احمد نقشبندی کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کر رہی ہیں۔ عمومی طور پر ان کے انتقال کو امت کا عظیم نقصان تصور کیا جا رہا ہے۔