شاہد سپرا:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے زیرِ انتظام علاقوں میں اے ایم آئی (Advanced Metering Infrastructure) سنگل فیز کنکشن کی تنصیب کے اخراجات میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث صارفین شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اے ایم آئی سنگل فیز کنکشن کے مجموعی اخراجات 30 ہزار روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ مارکیٹ میں سنگل فیز اسمارٹ میٹر کی قیمت 15 ہزار سے بڑھ کر 23 ہزار روپے تک ریکارڈ کی جا رہی ہے، جبکہ اس کے علاوہ سکیورٹی اور انسٹالیشن چارجز کی مد میں صارفین کو مزید 4 سے 5 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کی بعض ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کنکشن کے حصول کے لیے گرڈ شیئرنگ کے ڈیمانڈ نوٹس بھی جمع کروانا لازم قرار دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی اور این او سی کلیئرنس کے بعد ہی بجلی کا کنکشن نصب کیا جائے گا۔
لیسکو حکام کے مطابق صارفین کو اے ایم آئی اسمارٹ میٹر کی بنیاد پر این او سی جاری کیے جا رہے ہیں۔ این او سی کے اجرا کے بعد صارفین خود میٹر خرید کر متعلقہ دستاویزات لائن سپرنٹنڈنٹ کے پاس جمع کروائیں گے۔ اس کے بعد لائن سپرنٹنڈنٹ متعلقہ کمپنی سے میٹر حاصل کر کے صارفین کے بجلی کنکشن کی تنصیب مکمل کرے گا۔
صارفین کا کہنا ہے کہ اے ایم آئی اسمارٹ میٹر کے بڑھتے ہوئے اخراجات عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہو رہے ہیں، جبکہ لیسکو انتظامیہ کی جانب سے اضافی شرائط اور فیسوں نے کنکشن کے حصول کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ شہریوں نے حکومت اور لیسکو حکام سے اخراجات میں کمی اور شفاف پالیسی متعارف کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔