سٹی 42: چین کی گوانگ ڈونگ ریجنل مینز ہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔
گوانگ ڈونگ ہاکی ٹیم دورہ پاکستان کے دوران مختلف پاکستانی ٹیموں کے خلاف 10 میچز کھیلے گی۔ چینی ہاکی ٹیم راولپنڈی، اسلام آباد، واہ کینٹ، لاہور، نارووال اور گوجرہ میں میچز کھیلے گی۔
گوانگ ڈونگ ٹیم 14 اکتوبر کو ایم پی سی ایل کے خلاف راولپنڈی میں پہلا میچ کھیلے گی۔ چینی ٹیم 15، 17 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں میچز کھیلے گی۔ گوانگ ڈونگ ٹیم 18 اکتوبر کو واہ کینٹ میں پاک ڈی ایس کے خلاف ایکشن میں ہوگی۔
چینی ہاکی ٹیم 23 اور 27 اکتوبر کو لاہور میں پاکستان کسٹمز اور پاک ڈی ایس کے خلاف کھیلے گی۔ گوانگ ڈونگ ٹیم 24 اکتوبر کو نارووال اور 26 اکتوبر کو گوجرہ میں میچ کھیلے گی۔29 اکتوبر کو اضافی میچ کی تجویز، حتمی حریف اور مقام کا اعلان بعد میں ہوگا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق دورے کا مقصد پاک چین ہاکی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ چینی ٹیم کے دورے سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی مسابقت کا موقع ملے گا۔
پی ایچ ایف کے مطابق دورے سے پاکستان میں ہاکی کے مختلف مراکز میں کھیل کو فروغ ملے گا۔