( عمران یونس ) کورونا وباء میں کمی، سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل چرچ ریگل چوک 5 ماہ بعد عبادت کیلئے کھول دیا گیا۔
سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل چرچ ریگل چوک کورونا وباء کے پیش نظر گزشتہ 5 ماہ سے عبادت کیلئے بند تھا۔ چرچ کے دروازے مختلف مکاتب فکر کے علماء کی موجودگی میں کھولے گئے۔ اس موقع پر کورونا وائرس کے مکمل خاتمہ کے لئے بین المذاہب اجتماعی دعا کا اہتمام بھی کیا گیا۔
تقریب میں قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کے چیئرمین آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاہ، بشپ آف لاہور بشپ عرفان جمیل، چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم، سردار بشن سنگھ، پادری عمائنول کھوکھر، پادری شاہد معراج، حافظ کاظم رضا نقوی، قاسم علی قاسمی اور قاری خالد محمود نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے پنجاب بھر میں 128 نئے مریض سامنے آئے ہیں، صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 94 ہزار 993 اور اموات 2 ہزار 180 ہوگئی ہیں، 86 ہزار 404 افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔