(مانیٹرنگ ڈیسک ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا، ایوان صدر میں تقریب کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے سید علی گیلانی کے لیے نشان پاکستان وصول کیا، سید علی گیلانی کو پاکستان کا سب سے بڑا اعزاز آزادی کیلئے بے مثال جدوجہد کے باعث دیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کیلئے سید علی گیلانی کی بے لوث اور مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، ان کے غیر متزلزل عزم، جذبے، استقامت اور قیادت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ظالمانہ اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے میں ان کے کردار کو سراہا گیا۔
پاکستان نے 90 برس کی ضعیف العمری میں سید علی شاہ گیلانی کی گھر میں بلا جواز نظر بندی پر بھی تشویش ظاہر کیا۔مقبوضہ کشمیر کے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان کا اعزاز دینے کا اعلان وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی طویل عرصے سے آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
بعد ازاں سینیٹ نے بھی سید علی گیلانی کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے قرارداد منظور کی تھی۔