(عفیفہ نصر/ بسام سلطان/ راﺅ دلشاد) زندہ دلان لاہور نے جشن آزادی کو یادگار بنا دیا، مال روڈ سے واہگہ بارڈر تک کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرو ں سے گونج اٹھا، گلی گلی سے ریلیاں نکالی گئیں، ملک بھر کی طرح لاہوریوں نے یک زبان ہو کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
جشن آزادی کی مناسبت سے واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب ہوئی، لاہور سمیت دوسرے شہریوں سے افراد نے پریڈ دیکھی، تقریب کا آغاز پریڈ سکواڈ کی جاندار اور گرجدار آواز سے ہوا، سکواڈ لیڈرز نعرے لگاتے ہوئے بارڈرگراؤنڈ میں پہنچے، دونوں ملکوں کے بارڈر سکواڈز میدان میں آئے اور ایک دوسرے کو اپنی زور بازو اور طاقت کا مظاہرہ کیا، پاک رینجرز کے جوانوں نے اپنے بوٹوں کی دھمک سے دشمن کے حوصلے پست کر ڈالے، پاک رینجرز کے نوجوانوں کی خصوصی پرفارمنس کے بعد دونوں ممالک کے پرچم اتارے گئے۔
پرچم اتارنے کے بعد پاک فوج کے چاک و چوبند دستے "دی ریڈز " نے اپنی خصوصی پرفارمنس پیش کی اور حاضرین کے دل جیت لیے، شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ جشن آزادی اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کیلئے واہگہ آئے ہیں۔
شرکاء نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا گو ہیں اور آزادی کی جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں، پریڈ کے دوران نعرہ تکبیر اور کشمیر بنے گا پاکستان، پاک فوج زندہ باد کے نعرے بار بار گونجتے رہے۔
قبل ازیں 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب بارہ بجتے ہی زندہ دلان لاہور قومی اورآزاد جموں وکشمیر کے پرچم تھامے شہر کی معروف شاہراہوں پر امڈ آئے، شہری پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے رہے۔
زندہ دلان لاہور کا لہوگرمانے کے لیے چیئرنگ کراس پر روپسٹر بینڈ نے ملی نغموں پر پرفارم کیا، نوجوان قومی نغموں پر والہانہ رقص کرتے رہے۔