شاہد سپرا:لاہور شہر میں گیس کی لوڈشیڈنگ میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ سسٹم میں قلت کے باعث گیس پریشر بھی شدید متاثر ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گیس کی کمی کے باعث نہ صرف دوپہر کے اوقات میں مکمل بندش کی جا رہی ہے بلکہ صبح اور شام کے اوقات، جو کھانا پکانے کیلئے اہم سمجھے جاتے ہیں، ان میں بھی پریشر کم رہنے لگا ہے۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی شہریوں کو کھانا پکانے کے اوقات میں بھی مناسب پریشر کے ساتھ گیس فراہم کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کم پریشر کی وجہ سے کھانا پکانا مشکل ہو گیا ہے اور متبادل ایندھن استعمال کرنا پڑ رہا ہے جس سے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایل این جی سسٹم سے جزوی انخلا اور سپلائی میں کمی کے باعث گیس بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے اور لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی لائی جائے تاکہ روزمرہ زندگی معمول پر آ سکے۔