سٹی42:ایس آئی ایف سی کی کاوشیں ثمرآور، معدنی شعبے میں ترقی کے لیے عالمی تعاون کی نئی مثال، ایس آئی ایف سی کے تعاون سے 'پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ' (پی پی ایل) اور فن لینڈ کی عالمی شہرت یافتہ 'میٹسو' کارپوریشن کے درمیان اشتراک کا اعلان۔
پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے دوران معدنی شعبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے پی پی ایل کا فن لینڈ کی معروف کمپنی 'میٹسو' کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔
اس اہم اشتراک کا مقصد پاکستان میں معدنی وسائل کی تلاش اور پراسیسنگ کو فروغ دینا ہے، دونوں ممالک کے درمیان یہ اہم اشتراک عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور مہارت کے تبادلے کے لیے راہیں ہموار کرے گا،پی پی ایل اور 'میٹسو' معدنی شعبے کے فروغ کے لیے اہم منصوبوں پر مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈیز اور منصوبہ بندی کریں گے۔
پاکستان میں معدنیات کی "ویلیو چین" کو بہتر بنانے کا عزم، سرمایہ کاری میں اضافہ اور مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع متوقع ہیں، ایس آئی ایف سی کے تعاون اور اعلیٰ سطحی سہولت کاری سے قومی معدنی وسائل کو مؤثر اور پائیدار طریقے سے بروئے کار لانے کے لیے کاوشیں جاری ہیں۔
منرلز انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد کے بعد سرمایہ کاری میں اضافہ، پاکستان کے روشن معدنی مستقبل کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔