ویب ڈیسک: ن لیگ کیساتھ معاملات طے پانے کے بعد پیپلزپارٹی نے گورنر پنجاب کیلئےنام فائنل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے گورنر پنجاب کے لئے مخدوم احمد محمود کا نام فائنل کر دیا ہے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے مخدوم احمد محمود کو ملنے والی نئی ذمہ داری سے متعلق آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مخدوم احمد محمود پہلے بھی گورنر پنجاب کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نےبھی گورنر پنجاب نامزدگی کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مخدوم احمد محمود کا نام پارٹی کا متفقہ فیصلہ ہے.
دوسری جانب شہبازشریف کے کابینہ کے نام بھی تقریبا فائنل کر لئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کابینہ میں وزارت داخلہ کا قلمدان رانا ثنا اللہ کو دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان مریم اورنگزیب کو دیئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف کو سپیکر کیلئے نامزد کئے جانے کا امکان ہے جبکہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی نشست جے یو آئی کو دیئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ ن کے 12 وزرا ہونگے ،اس حوالے سے حتمی فیصلہ ہو گیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی 7 وزرا، جے یو آئی کے 3 وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت ہوگا۔ایم کیو ایم کو پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت اور ایک دوسری وزارت دی جائے گی ۔
ذرائع کے مطابق باپ پارٹی اور بی این پی مینگل کو بھی 2 ،2 وزارتیں دی جائیں گی ،اے این پی کو وزارت مواصلات دی جائے گی ،آزاد ارکان کو بھی وزارتیں دیئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہناہے کہ سندھ کا گورنر ایم کیو ایم اور پنجاب کا گورنر پیپلزپارٹی سے ہوگا،کے پی کے کا گورنر جے یو آئی اور بلوچستان کا بی این پی مینگل سے ہوگا۔