شہبازعلی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 2020-2021 کا کلینڈر تیار کرنے کا کام شروع کردیا، ادارہ جاتی کرکٹ بھی مجوزہ کلینڈر کا حصہ ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ نے آئندہ کرکٹ سیزن کی حکمت عملی تیار کرنے کام شروع کردیا ہے، ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے نیا ڈومسیٹک کرکٹ سیزن شروع کرنے کی تجویز ہے۔
نئے کلینڈر سیزن میں ادارہ جاتی کرکٹ کو شامل کیا گیا ہے یکم جولائی سے 30 اگست کے درمیان اداروں کی تصدیق سے مشروط ادارہ جاتی ٹیموں کے ٹورنامنٹ کی تجویز سامنے آئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ انٹر سٹی ٹورنامنٹ بھی یکم جولائی سے، قومی انڈر 19 ٹورنامنٹ یکم ستمبر سے شروع کروانے کی تجویز ہے، ذرائع کے مطابق قائد اعظم ٹرافی فرسٹ اور سیکنڈ الیون اکتوبر سے دسمبر کے درمیان کروانے کی تجویز ہے جبکہ ستمبر میں قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ اورپی ایس ایل سکس سے پہلے پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ جنوری میں کروانے کی تجویز ہے۔
نئے کلینڈر کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ گورننگ بورڈ سے لی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بور ڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اس مشکل وقت میں بورڈ کی اولین ترجیح قومی کرکٹرز اور ملازمین کو تحفظ دینا ہے ۔کھلاڑیوں اور ملازمین کے بغیر بورڈ کچھ بھی نہیں، کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی یا ملازمین کو نکالنے کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔
چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں نئے براڈ کاسٹنگ معاہدے میں مشکل ضرورہو گی ،اس حوالے حکمت عملی بنارہے ہیں۔بھارت کے ساتھ سیریز نہ ہونے سے نقصان ہوتا ہے مگر ہم اس حوالے سے سوچتے بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈین بورڈ قابل بھروسہ نہیں، وہ کئی بار معاہدے کرکے توڑ چکا ہے۔
چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے مستقبل قریب میں بھارت کے ساتھ سیریز کے امکانات کو رد کردیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا موجودہ براڈ کاسٹنگ کا معاہدہ تقریبا ختم ہو گیا ہے ۔احسان مانی نے کہاکہ آئندہ فیوچر ٹور پرواگرام میں ہماری انگلینڈ ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے ساتھ ہوم سیریز ہے۔