ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے برادرِ نسبتی کے قتل میں سزا ئے موت پانیوالے کو بری کردیا،مجرم شاہ نواز پر جائیداد کے تنازع پر قتل کا الزام تھا،عدالت نے سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس سرداراکبر علی ڈوگر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مجرم کی اپیل پر فیصلہ سنایا۔مجرم شاہ نواز کے خلاف تھانہ روجھانہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2021ء میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں شاہ نواز سمیت دیگر ملزمان پر اپنے برادر نسبتی کو جائیداد کے تنازعے پر قتل کرنے کا الزام تھا۔وکیل صفائی نے دلائل میں مؤقف اختیار کیا کہ گواہوں کی موقع پر موجودگی ثابت نہیں ہوتی، پوسٹمارٹم رپورٹ میں تاخیر ہوئی اور ٹھوس شواہد کی عدم موجودگی کے باوجود ٹرائل کورٹ نے سزائے موت کا فیصلہ سنایا۔ سرکاری وکیل نے اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تفتیش، گواہوں کے بیانات اور میڈیکل رپورٹ کے مطابق ملزم قصور وار ہے، اس لیے سزائے موت برقرار رکھی جائے۔تاہم مدعی اور سرکاری وکیل کی مخالفت کے باوجود عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ گواہوں کی موجودگی کے شواہد غیرمعتبر ہیں ۔