ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب بھارتی کرکٹ کے سپر اسٹار ویرات کوہلی کے حوالے سے یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے بھی ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ویرات کوہلی نے اپنی آئی پی ایل ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے ساتھ 2026 کے سیزن کے لیے نیا کمرشل معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس پیش رفت نے ان کے آئی پی ایل کیریئر پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا میں جاری رپورٹس کے مطابق کوہلی نے مبینہ طور پر یہ فیصلہ اس لیے کیا ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو فرنچائز میں شامل ہونے کا موقع مل سکے۔ تاہم ان خبروں کے باوجود، نہ تو ویرات کوہلی اور نہ ہی آر سی بی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کوہلی کا کمرشل معاہدہ نہ بڑھانا ان کی مکمل علیحدگی کی نشاندہی نہیں کرتا، اور یہ ممکن ہے کہ وہ ٹیم کے ساتھ کسی اور کردار میں منسلک رہیں یا محض معاہدے کی شرائط پر نظرثانی چاہتے ہوں۔
ویرات کوہلی نے آئی پی ایل کے تمام 18 سیزنز میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کی۔وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے مسلسل ایک ہی فرنچائز کے لیے کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ رنز اسکور کیے۔2024 کے سیزن میں پہلی بار آر سی بی نے آئی پی ایل ٹرافی اپنے نام کی، جس کا کوہلی کا دیرینہ خواب تھا۔