ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع مراد آباد میں منعقدہ ایک کرکٹ میچ کے دوران اس وقت فضا سوگوار ہوگئی جب آخری گیند پھینکتے ہی اچانک فاسٹ بولر احمر خان کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ بیلاری کے شوگر مل گراؤنڈ میں پیش آیا۔ اترپردیش ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے میچ کا انعقاد کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں مراد آباد اور سنبھل کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ تھا۔ مراد آباد کی ٹیم پہلے بلے بازی کر چکی تھی اور سنبھل کی ٹیم ہدف کا تعاقب کر رہی تھی۔
آخری چار گیندوں میں 14 رنز چاہئے تھے، مراد آباد کی جانب سے تیز گیند باز احمر خان نے بائیں ہاتھ سے گیند بازی کرتے ہوئے سنسنی خیز اوور پھینکا اور اپنی ٹیم کو 11 رنز سے فتح سے ہمکنار کروا دیا۔
فاسٹ بولر احمر خان نے جیسے ہی میچ کی آخری گیند پھینکی تو اچانک ان کی سانسیں اکھڑ نے لگیں اور وہ اچانک زمین پر لیٹ گئے، ساتھی کھلاڑیوں نے گھبرا کر فوراً انہیں سنبھالا اور وہاں موجود ڈاکٹر نے میدان پر ہی سی پی آر دینا شروع کردی۔ کچھ دیر میں انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے پر احمر خان کو مردہ قرار دے دیا۔ اس واقعہ کے بعد گراؤنڈ میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ میچ جیتنے کی خوشی غم میں بدل گئی۔ ساتھی کھلاڑی اور شائقین دنگ رہ گئے۔