علی رامے: لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے ٹھیکیداروں کو بقایا ریٹینشن رقم کی ادائیگی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کیلئے حکومت نے ایک ارب 91 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کرنے کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اورنج لائن منصوبے کے چاروں پیکجز کے سول کنٹریکٹرز کو واجب الادا ادائیگیاں کی جائیں گی۔ یہ رقم ڈیفیکٹ لائیبلٹی مدت مکمل ہونے کے بعد ادا کی جائے گی، جو معاہدے کے تحت ٹھیکیداروں کیلئے واجب الادا تھی۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے اس حوالے سے سمری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ارسال کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی ایکزم بینک کے قرض کی بندش کے باعث یہ ادائیگیاں صوبائی وسائل سے کی جائیں گی۔
محکمہ خزانہ، پی اینڈ ڈی بورڈ اور ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منصوبے کیلئے اصولی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق فنڈز دو اقساط میں جاری کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت ایک قسط رواں مالی سال جبکہ دوسری آئندہ مالی سال میں ادا کی جائے گی۔