ویب ڈیسک: خلیجی اور دیگر اسلامی ممالک میں عیدالاضحیٰ 2026 کے ممکنہ شیڈول کے حوالے سے اہم پیش گوئیاں اور سرکاری اعلانات سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق اس بار تعطیلات طویل ہونے کا امکان ہےجبکہ مختلف ممالک نے پہلے ہی چھٹیوں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
قطر کیلنڈر ہاؤس کے مطابق پیر 18 مئی کو ذی الحجہ 1447 ہجری کے آغاز کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ فلکیاتی اندازوں کے تحت عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو ہو سکتی ہے۔ ذی الحجہ اسلامی قمری سال کا آخری اور نہایت مقدس مہینہ ہے جس میں دنیا بھر کے مسلمان حج کی ادائیگی کرتے ہیں، جبکہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں منائی جاتی ہے۔
اسی دوران متحدہ عرب امارات میں سرکاری ملازمین کے لیے عید کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل کے مطابق یومِ عرفہ اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر پانچ روزہ تعطیلات ہوں گی، جو پیر 25 مئی سے جمعہ 29 مئی تک جاری رہیں گی، جبکہ یکم جون سے دفاتر معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش میں حکومت نے عید کے موقع پر 7 روزہ طویل تعطیلات کا اعلان کیا ہے، جو 25 مئی سے 31 مئی تک جاری رہیں گی۔ طویل چھٹیوں کے باعث ہفتہ 23 مئی کی عام تعطیل منسوخ کر دی گئی ہے اور سرکاری دفاتر 23 اور 24 مئی کو کھلے رہیں گے تاکہ انتظامی امور متاثر نہ ہوں۔
پاکستان میں بھی چاند کی رویت سے متعلق پیش گوئیاں سامنے آ چکی ہیں جہاں سپارکو کے مطابق نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا اور اسی شام اس کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کا وقفہ متوقع ہے، جس کے باعث صاف موسم کی صورت میں چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔ ان فلکیاتی تخمینوں کی بنیاد پر پاکستان میں بھی یکم ذوالحج 18 مئی اور عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔