ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تحریک انصاف کو عدالت سے بڑا دھچکا لگ گیا

تحریک انصاف کو عدالت سے بڑا دھچکا لگ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی صوبے بھر میں اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر حکم امتناعی کی درخواست کو مسترد کردیا۔

ذرائع کے مطابق سندھ میں عدالت عالیہ نے انتخابی شیڈول سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کرنے کی تحریک انصاف اور جی ڈی اے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکومت سندھ اور الیکشن کمیشن کو آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

تحریک انصاف اور جی ڈی اے کی درخواست کی سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی، سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت جب تک تحریری جواب جمع نہیں کراتے بلدیاتی الیکشن کی تاریخ والے نوٹیفکیشن کو معطل کیا جائے جس پر چیف جسٹس سندھ نے ریمارکس دیئے سوری، ہم بلدیاتی انتخابات نہیں روک سکتے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اس طرح ہم انتخابات کیسے روک سکتے ہیں جبکہ بلدیاتی الیکشن کرانے کا سپریم کورٹ کا حکم نامہ بھی موجود ہے جس پر جی ڈی اے کے وکیل نے دلیل دی کہ سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے پہلے قانون میں ترامیم کا حکم بھی دیا تھا جس کے بغیر بلدیاتی انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہوں گے۔

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جن محکموں کے قوانین میں ترمیم کا حکم دیا گیا تھا وہ بلدیاتی انتخابات کے بعد بھی ہوسکتی ہیں۔ جی ڈی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ بلدیاتی انتخابات اگر ہوگئے تو کس قانون کے تحت ہوں گے؟

عدالت نے تحریری جواب جمع نہ کرانے پر صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ نوٹس کی کاپی تاخیر سے ملی اس لیے جواب تیار نہیں ہوسکا۔ عدالت نے کیس کی  سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی۔