طلبا کیلئے اچھی خبر، اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنیکا فیصلہ

طلبا کیلئے اچھی خبر، اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنیکا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ریحال گل ) وفاقی حکومت نے بورڈ امتحانات سے متعلق پنجاب کی سفارشات کی منظوری دے دی، رواں سال نویں اور انٹرمیڈیٹ کا کوئی امتحان نہیں لیا جائے گا، صرف سپیشل کیٹیگری میں شامل 1 لاکھ 19 ہزار طلباء کا امتحان لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بورڈ امتحانات سے متعلق متفقہ فیصلے کے لئے بین الصوبائی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں دیگر صوبوں کے متعلقہ وزراء اور افسران سمیت محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے وزیر راجہ یاسر ہمایوں اور سیکرٹری ذوالفقار گھمن نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب کی سفارشات کی منظوری دے دی گئی، جن کے مطابق پنجاب میں رواں سال نویں اور انٹرمیڈیٹ کا کوئی امتحان نہیں لیا جائے گا،  نہم جماعت کے طلبا کو دسویں جماعت میں ترقی دی جائے گی، گیارہویں جماعت کے طلبا کو بارہویں میں ترقی دی جائے، گیارہویں جماعت کے نمبرز دگنا کر کے بارہویں کا نتیجہ تیار کیا جائے گا۔جس سے صوبے کے 41 لاکھ طلباء مستفید ہوں گے۔ تاہم سپلمنٹری اور کمپوزٹ سمیت 3 سپیشل کیٹیگریز میں شامل 1 لاکھ 19 ہزار طلباء سے امتحان لینے کی تجویز منظور کر لی گئی ہے۔

یاد رہے پنجاب بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز کی جانب سے بورڈ امتحانات سے متعلق اہم سفارشات تیار کی گئی تھیں، جن کے مطابق سپلیمنٹری، کمپوزٹ، رپیٹ اور امپروو کرنے والے طلبا کی 11 کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، جن کی تعداد کل طلبا کا 7 فیصد ہیں، لیکن اگر طلبا اگلے سال اپنی مرضی سے امتحان دینا چاہیں تو انہیں اجازت ہوگی۔

دوسری جانب پنجاب ٹیچرز یونین نے سکولوں کو مزید 15 جولائی تک بند رکھنے اور بورڈ امتحانات منسوخ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا، ٹیچر رہنماؤں رانا لیاقت علی اور کاشف شہزاد چوہدری کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کرکے بورڈ امتحانات لیے جاسکتے ہیں، امتحانات نہ لینے سے طلبا کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوسکتی ہے۔