شعیب اختر آئی سی سی کے جانبدارانہ رویے پر برس پڑے

شعیب اختر آئی سی سی کے جانبدارانہ رویے پر برس پڑے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے جانبدارانہ رویے پر برس پڑے۔

تفصیلات کے مطابق ہوا کچھ یوں کہ کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو نے ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی جس میں موجودہ اور ماضی کے 10 بہترین بولرز اور بہترین بلے بازوں کی تصاویر موجود تھیں۔ کرکٹ ویب سائٹ کی جانب سے شائقین کرکٹ سے استفسار کیا گیا کہ اگر یہ سب کرکٹر  اپنے عروج پر موجود ہوں تو آپ ان میں سے کس بولر اور بلے باز کی جوڑی کو آمنے سامنے دیکھنا چاہیں گے۔

اس پوسٹ میں پاکستانی اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا مقابلہ آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ کے ساتھ رکھا گیا تھا، سوشل میڈیا پر سرگرم رہنے والے شعیب اختر نے  مزاحیہ انداز میں ٹو ئٹ کیا کہ اسمتھ کو  تو میں اب بھی3 باؤنسرز کے بعد چوتھی گیند پر آؤٹ کرسکتا ہوں۔  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے شعیب اختر کے ٹوئٹ کے اسکرین شاٹ  معروف امریکی باسکٹ بال اسٹار مائیکل جارڈن کی تصاویر کے ساتھ ٹوئٹ کی گئیں، ان تصاویر میں سابق باسکٹ بال سٹار کو  ہنستے ہوئے اور حیران ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی)  کی ٹوئٹ پر صارفین نے مختلف تبصرے کیے  تاہم شعیب اختر کو یہ عمل پسند نہ آیا۔ شعیب اختر نے آئی سی سی کی ٹوئٹ کو  ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ایسا تبصرہ کرکے غیر جانبداری کو اٹھا پھینکا ہے، اس سے لگتا ہے کہ  آئی سی سی میں معاملات اسی طرح چلائے جارہے ہیں۔

 بعدازاں شعیب اختر کی جانب سے ایک اور ٹوئٹ کی گئی جس میں انہیں مختلف نامور بلے بازوں کو آؤٹ کرتے اور  انہیں خطرناک باؤنسرز سے زخمی ہوتے دکھایا جارہا ہے۔

 

 

Shazia Bashir

Content Writer