ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے پاکستان میں ڈرون حملوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 13 مارچ کو افغان طالبان کی طرف سے بھیجے گئے ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔ تاہم گرنے والے ملبے کے باعث کوئٹہ میں دو بچے زخمی ہو گئے، جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں بھی ایک، ایک شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ حملے پاکستان کے عوام کو خوفزدہ کرنے کی ایک ناکام کوشش ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ افغان طالبان کی اشتعال انگیزیوں کے سامنے پاکستان ہرگز نہیں جھکے گا اور افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان دہشت گردی اور اس کی ہر شکل کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق آپریشن غضب لِلحق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں پاکستان نیوی نے بدلتی ہوئی علاقائی بحری سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آپریشن “محافظ البحر” شروع کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کا مقصد قومی جہاز رانی اور بحری تجارت کو درپیش کثیر جہتی خطرات کا مقابلہ کرنا ہے،قومی توانائی سپلائی کے تسلسل اور سی لائنز آف کمیونیکیشن کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی کے ایسکارٹ آپریشنز پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ساتھ قریبی رابطے میں جاری ہیں، پاکستان نیوی موجودہ بحری صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور مرچنٹ جہازوں کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، مرچنٹ ویسلز کی محفوظ آمد و رفت یقینی بنانے کے لیے ان کی نقل و حرکت کو مانیٹر اور کنٹرول کیا جا رہا ہے۔