خورشید رحمانی: ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈرائیونگ لائسنس کے ذریعے سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ مسافر ورک ویزا اور پروٹیکٹر کلیئرنس کے ساتھ بطور ڈرائیور سعودی عرب جا رہا تھا، تاہم دورانِ چیکنگ پیش کیا گیا ڈرائیونگ لائسنس مشکوک پایا گیا۔
ابتدائی جانچ میں انکشاف ہوا کہ لائسنس پر درج شناختی کارڈ نمبر مسافر کے اصل شناختی کارڈ سے مطابقت نہیں رکھتا، جبکہ کیو آر کوڈ اسکین کرنے پر کسی اور شخص کی تفصیلات سامنے آئیں، جس سے دستاویز کے جعلی ہونے کا شبہ مزید مضبوط ہو گیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافر نے بتایا کہ اس نے کبھی کسی ڈرائیونگ لائسنس آفس سے رابطہ نہیں کیا، اور مذکورہ لائسنس راولپنڈی کے رہائشی ایک ایجنٹ نے پیسوں کے عوض تیار کروا کر دیا تھا۔ مسافر نے مزید بتایا کہ اس کا ورک ویزا اور پروٹیکٹر کلیئرنس بھی مختلف ایجنٹس کے ذریعے حاصل کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق جعلی دستاویزات اور مشکوک صورتحال کے پیش نظر مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات کے لیے معاملہ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔