اسرار خان: شہر لاہور میں سائیکل اور مویشی چوری کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال سائیکل چوری کے 124 جبکہ مویشی چوری کے 437 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سائیکل چوری کے واقعات میں کینٹ ڈویژن 38 مقدمات کے ساتھ سب سے آگے ہے، اس کے بعد صدر ڈویژن میں 29، ماڈل ٹاؤن میں 20، سٹی ڈویژن میں 15، اقبال ٹاؤن میں 12 جبکہ سول لائنز ڈویژن میں 10 مقدمات رپورٹ ہوئے ہیں۔
مویشی چوری کے کیسز میں بھی صدر ڈویژن 137 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، جبکہ کینٹ ڈویژن میں 136، ماڈل ٹاؤن میں 72، اقبال ٹاؤن میں 40، سٹی ڈویژن میں 36 اور سول لائنز ڈویژن میں 16 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ان وارداتوں کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی اور سائیکل چوری میں ملوث گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ انہیں نقصان سے بچایا جا سکے۔