شاہد ندیم سپرا:لیسکو نے گوالمنڈی کے علاقے میں بجلی چوری کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد کمرشل صارفین کو بجلی چوری میں ملوث پایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ای ایسٹرن سرکل عمر بلال کی ہدایت پر ایس ڈی او گوالمنڈی سب ڈویژن راؤ طارق کی سربراہی میں کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران مختلف کاروباری مراکز اور ریسٹورنٹس کی انسپکشن کی گئی جہاں بجلی چوری کے متعدد کیسز سامنے آئے۔
لیسکو حکام کے مطابق کارروائی کے دوران سنوکر کلب، ریڈ چلی ریسٹورنٹ، کوئٹہ چائے پراٹھا اور کشمیری دال چاول سمیت کئی مقامات پر بجلی چوری پکڑی گئی۔ ٹیم نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد متعلقہ کنکشنز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔
ایس ڈی او راؤ طارق نے بتایا کہ بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کروا دیے گئے ہیں، جبکہ قانون کے مطابق بجلی چوروں کو لاکھوں روپے کے ڈیٹیکشن بلز بھی جاری کیے جائیں گے۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم جاری ہے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ بجلی چوری کی نشاندہی کریں تاکہ بجلی کے نظام کو مزید بہتر اور مستحکم بنایا جا سکے۔