وقاص احمد: دعائیہ تقریبات کے موقع پر لاہور کے گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تمام ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں متحرک ہیں اور گرجا گھروں کی سکیورٹی کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے 2 ہزار 475 پولیس افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مال روڈ، انارکلی اور دیگر علاقوں میں واقع مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران فیصل کامران نے گرجا گھروں کے داخلی و خارجی راستوں، تعینات نفری، سکیورٹی چیکنگ کے عمل اور دیگر حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گرجا گھروں کی انتظامیہ سے بھی ملاقات کی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ سپروائزری افسران مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں اور چرچ انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ عبادات اور دعائیہ تقریبات کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی مقامات کی سکیورٹی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ پرامن ماحول برقرار رکھا جا سکے۔