ثمرہ فاطمہ: پنجاب وائلڈ لائف نے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے زخمی نایاب سامبر ہرن کو ریسکیو کر لیا جبکہ غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کی خرید و فروخت میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق زخمی سامبر ہرن کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید نگہداشت کے لیے جلو وائلڈ لائف پارک منتقل کر دیا گیا، جہاں ماہرین اس کی صحت کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
کارروائیوں کے دوران جنگلی سور کے غیر قانونی شکار میں ملوث 4 شکاریوں کو گرفتار کیا گیا۔ محکمہ نے ملزمان پر مجموعی طور پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
دوسری جانب چڑیوں اور ممولوں کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی درجنوں چڑیوں اور ممولوں کو قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کا تحفظ ماحولیاتی توازن کے لیے ناگزیر ہے اور اس حوالے سے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی شکار، نایاب جانوروں کو نقصان پہنچانے اور جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔