فاران یامین:ڈیفنس سی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے ڈھائی کلو گرام سے زائد چرس برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او ڈیفنس سی فریاد اشرف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر دورانِ پٹرولنگ مختلف مقامات پر کارروائی کی۔ اس دوران ملزمان خرم اور شاہد کو مبینہ طور پر منشیات سپلائی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ایس پی کینٹ اختر نواز نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ڈھائی کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے نوجوان نسل کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔
ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔