ویب ڈیسک : پنجاب حکومت نے غیر معیاری پٹرول اور ڈیزل کی فروخت کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے سخت چیکنگ کا نظام نافذ کر دیا ہے۔
پنجاب بھر میں غیر معیاری پٹرول اور ڈیزل کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے نئے نظام کے تحت اب صرف اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) کے منظور شدہ معیار کا ایندھن ہی فروخت کیا جا سکے گا۔
اس ضمن میں پنجاب حکومت نے انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کو فیول کا معیار چیک کرنے کا اختیار دے دیا ہے، جو پٹرول پمپ یا ڈیزل فراہم کرنے والی کمپنیاں غیرمعیاری ایندھن فروخت کرتی پائی گئیں، ان پر سخت سزائیں اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے کہا ہے کہ فیول کا معیار یقینی بنانا عوامی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں سموگ اور سانس کی مہلک بیماریوں کی بڑی وجہ ہے، اور اس کی روک تھام صرف معیاری ایندھن کے استعمال سے ہی ممکن ہے۔