ایکٹیمرا انجکشن کے استعمال کیلئے ہدایات جاری

ایکٹیمرا انجکشن کے استعمال کیلئے ہدایات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ( بسام سلطان ) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے پنجاب بھر کے ہسپتالوں کو کورونا مریضوں کی جان بچانے والے انجکشن ایکٹیمرا کے استعمال کے لیے ہدایات جاری کر دیں، کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے پانچ بستر مختص کرنیوالے ہسپتال یہ انجکشن خرید سکتے ہیں۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبہ بھر کے نجی ہسپتالوں کو کلینیکل ٹرائلز کے لیے کنٹرول ریٹ پر ٹوسیلیزوماب (ایکٹمرا) انجیکشن کے حصول اور استعمال کو منظم کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ مراسلے کے مطابق وہ ہسپتال، جہاں پر ایچ ڈی یو میں پانچ یا اس سے زائد بستر کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں اور مریضوں کا علاج بھی کر رہے ہیں، وہ یہ انجیکشن کمپنی سے خرید سکتے ہیں۔

اس کے لیے ضروری ہے کی ہسپتال کی دو رکنی کمیٹی کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے وضع کر دہ طریقہ کار کے تحت مریض کا معائنہ کر نے کے بعد انجیکشن کے استعمال کی اجازت دے گی اور کمپنی کو مریض کے کوائف اور انجیکشن کی فراہمی کا پروفارما بھیجے گی۔

ہسپتال انتظامیہ انجیکشن کی خریداری اور استعمال کا ریکارڈ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بروقت ارسال کرنے کے علاوہ اپنے پاس محفوظ بھی رکھنے کی پابند ہوگی۔ کمپنی کنٹرول ریٹ پر انجیکشن ہسپتال کو فراہم کرے گی۔ مریض کا معالج انجیکشن کی تفصیلات اور اپنے مریض پر اس کے استعمال کی ویڈیو ریکارڈنگ کروائے گا۔

مزید برآں کمپنی اور ہسپتال انجیکشن کی خریداری اور استعمال کی تفصیلات کمیشن کو فراہم کرنے کے پابند ہونگے۔ ہسپتالوں کو یہ بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ انجیکشن کا استعمال محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن اس کی مانیٹرنگ کر نے کے علاوہ ان ہسپتالوں میں انجیکشن کے استعمال کا آڈٹ بھی کرے گا۔