عرفان ملک: پنجاب میں مقیم چینی شہریوں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پینک بٹن منصوبے کو وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق چینی شہریوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے جدید الرٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت رہائش گاہوں اور ورک سائٹس پر پینک بٹن نصب کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اطلاع متعلقہ اداروں تک پہنچ سکے۔
منصوبے کے تحت سپیشل پروٹیکشن یونٹ (SPU) کو بھی چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے پینک بٹن فراہم کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اس منصوبے کو مزید فعال بنانے پر کام کر رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں لاہور میں موجود 200 سے زائد چینی تنصیبات پر کیو آر کوڈ پینک بٹن نصب کیے جائیں گے، جس سے ہنگامی حالات میں فوری رسپانس اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔