کلیم اختر: پنجاب حکومت نے گندم، آٹے اور روٹی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے سرکاری گندم کے ذخائر کا اجراء شروع کر دیا ہے۔
ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ کا کہنا تھا کہ سرکاری گندم 3,800 روپے فی 40 کلوگرام کے نرخ پر فلور ملوں کو فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ گندم کی قیمت میں بتدریج کمی بھی لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ گندم اور آٹا عام شہریوں، خصوصاً کم آمدن والے طبقے کی دسترس میں رہے، پاسکو کی 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم پنجاب حکومت کو منتقل کی جا رہی ہے تاکہ صوبے میں گندم کی وافر دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ذخائر کا اجراء ایک مربوط حکمت عملی کے تحت جاری رہے گا، جبکہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ڈی جی فوڈ پنجاب نے خبردار کیا کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔