عابد چودھری: شاہدرہ چوکی بیگم کوٹ پولیس کے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے دو موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تعاقب کے دوران ملزمان موٹر سائیکل پر قابو برقرار نہ رکھ سکے اور فٹ پاتھ سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا اور اسے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت خرم شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزم موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔