ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاک چین فارماسیوٹیکل کانفرنس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ

 پاک چین فارماسیوٹیکل کانفرنس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک) پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت میں ایک سے 5 ارب ڈالرز کی بھاری چینی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے کیلئے 17 جولائی سے شیڈول پاک چین فارماسیوٹیکل کانفرنس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، وفاقی وزارتِ صحت کے مطابق کانفرنس اب اسلام آباد میں منعقد ہو گی، جہاں چین کی 130 بڑی سرمایہ کار کمپنیوں اور پاکستان کی تقریباً 150 فارماسیوٹیکل و سرمایہ کاری کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے.

وزارتِ صحت کے مطابق یہ پاکستان کی تاریخ میں چینی کمپنیوں کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی "بی ٹو بی" پاک چین فارماسیوٹیکل کانفرنس ہو گی، جس کے دوران میڈیکل ڈیوائسز، ویکسین، ادویات کے خام مال، سرجیکل مصنوعات اور دیگر شعبوں میں فوری طور پر تقریباً ایک ارب ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں، جبکہ آئندہ چند برسوں میں یہ سرمایہ کاری بڑ ھکر5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، کانفرنس کے دوران میڈیکل ڈیوائسز میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر، مشترکہ پیداواری یونٹس کے قیام، کلینیکل ٹرائلز، تحقیق، فارماسیوٹیکل مشینری کی مقامی تیاری اور دواسازی کے مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں پر پیش رفت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ چینی روایتی اور ہربل ادویات سے وابستہ کمپنیاں بھی پاکستانی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے کریں گی، وزارتِ صحت کے مطابق چینی کمپنیوں کے اشتراک سے ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں نئی ادویہ ساز فیکٹریاں قائم کیے جانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جس سے مقامی فارما صنعت کو جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور برآمدی استعداد میں نمایاں تقویت ملے گی۔

کانفرنس میں چین کی معروف فارماسیوٹیکل، میڈیکل ڈیوائسز اور روایتی چینی طب سے وابستہ کمپنیوں کے سربراہان، پاکستانی فارما صنعت کے نمائندے، سرمایہ کار، متعلقہ سرکاری اداروں، ریگولیٹری حکام اور نجی شعبے کے نمائندے شریک ہونگے، وفاقی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ کانفرنس شعبۂ صحت میں پاک چین تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دواسازی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کیلئے اہم سنگِ میل ثابت ہو گی، وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق حکومت مقامی فارماسیوٹیکل صنعت کے فروغ، جدید طبی ٹیکنالوجی کے حصول اور معیاری صحت سہولیات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کیلئے چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پُرعزم ہے، دوسری جانب، وزارتِ صحت نے کانفرنس کے اسلام آباد میں انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جبکہ کانفرنس کے آغاز سے ایک روز قبل وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال اس اہم ایونٹ کے حوالے سے تفصیلی نیوز کانفرنس کریں گے۔