ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے 65 لاکھ کے باؤنس چیک دینے میں ملوث ملزم کی ضمانت منظور کرلی ،عدالت نے ملزم کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس عبہرگل نے ملزم فہیم شہزاد کی درخواست ضمانت پرسماعت کی، ملزم کی جانب سے راجہ عبدالرحمان ایڈووکیٹ پیش ہوئے، راجہ عبدالرحمان نے بتایا کہ ملزم کیخلاف65 لاکھ کے تین چیک دینے کا الزام ہے، کمالیہ پولیس نے مقدمہ درج کیا، جسٹس عبہرگل نے کہاکہ ہائیکورٹ میں یہ تیسری درخواست ضمانت کیسے سنی جاسکتی ہے؟ ملزم کے وکیل نے جواب دیا ہائیکورٹ میں پہلی درخواست ضمانت واپس لی گئی تھی، دوسری اس بنیاد پرخارج ہوئی کہ مقدمہ واپس لینے سے پہلے کچھ بحث کی گئی تھی، پہلے دوفیصلوں کیخلاف سپریم کورٹ گیا،اب سپریم کورٹ کے حکم پر ہائیکورٹ آیا ہوں، سپریم کورٹ نے قراردیاکہ پہلے فیصلوں کو مدنظررکھے بغیرمیرٹ پرفیصلہ کیا جائے، اس جرم کی سزا زیادہ سے زیادہ تین سال ہے، ملزم چھ ماہ سے جیل میں ہے، سرکاری وکیل نے درخواست کی مخالفت کی، راجہ عبدالرحمان نے جواب دیا ابھی سپریم کورٹ نےجو فیصلہ دیا ہے وہ صرف اس موجودہ کیس کے متعلق ہے،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت منظور کرلی ۔