عرفان ملک: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں ایک ماہ کے دوران 286 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 26 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ آپریشنز لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، خوشاب، میانوالی اور دیگر شہروں میں کیے گئے۔
سی ٹی ڈی پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور سے القاعدہ سے تعلق رکھنے والا ایک دہشت گرد بھی گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے دھماکہ خیز مواد، 3 آئی ای ڈی بم اور 19 ڈیٹونیٹر برآمد کیے گئے۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت عرفان، ضامن علی، مجاہد علی، فیصل اور دیگر ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک ماہ کے دوران 4662 کومبنگ آپریشنز کیے گئے جن میں 538 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 160,009 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔