ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جوان افراد میں تیزی سے پھیلنے والی کینسر کی قسم، بچنے کا آسان طریقہ

جوان افراد میں تیزی سے پھیلنے والی کینسر کی قسم، بچنے کا آسان طریقہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : کینسر جسے دنیا میں اموات کی وجہ بننے والا دوسرا بڑا مرض خیال کیا جاتا ہے، اس کی چند اقسام سب سے زیادہ ہلاکتوں کا باعث بنتی ہے، جن میں سے ایک آنتوں کا کینسر بھی ہے، دنیا بھر کے افراد خاص طور پر نوجوانوں میں آنتوں کے کینسر کے کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

کچھ عرصے قبل جرنل Lancet Oncology میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ یورپ، شمالی افریقا، ایشیا اور اوشیانا سمیت دنیا بھر میں جوان افراد میں آنتوں کے کینسر عام ہو رہا ہے۔محققین ابھی یہ مکمل طور پر نہیں سمجھ سکے کہ آنتوں کا کینسر دنیا بھر میں تیزی سے کیوں پھیل رہا ہے، مگر ان کا ماننا ہے کہ جنک فوڈ کا استعمال، زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے اور موٹاپا ممکنہ طور پر کینسر کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کرنے والے عناصر ہیں۔

 تحفظ کا آسان اور مزیدار طریقہ

اب ایک نئی تحقیق میں دنیا بھر میں تیزی سے عام ہونے والے اس کینسر سے تحفظ کا آسان اور مزیدار طریقہ بتایا گیا ہے۔ جس کے مطابق اگر آپ اکثر دہی کھانا پسند کرتے ہیں تو یہ عادت آنتوں کے کینسر سے تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔ یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ اس حوالے سے ماس جنرل بریگھم کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ دہی کھانے کی عادت سے طویل المعیاد بنیادوں پر آنتوں کے کینسر سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس تحقیق کے لیے 2 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جن میں ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کی صحت کا جائزہ 12 برسوں تک لیا گیا تھا، ان افراد سے طرز زندگی کے عناصر، امراض اور غذائی عادات کے بارے میں تفصیلات سوالناموں کے ذریعے حاصل کی گئی تھیں۔ ان تفصیلات میں یہ بھی معلوم کیا گیا تھا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کتنی مقدار میں دہی کھانے کے عادی ہیں جبکہ ان افراد میں سے جن میں آنتوں کے کینسر کی تصدیق ہوئی تھی، ان کے نمونوں کا تجزیہ بھی کیا گیا۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 3079 افراد میں آنتوں کے کیسنر کی تشخیص ہوئی تھی اور اس حوالے سے معدے میں موجود بیکٹیریا کی مخصوص اقسام کا کردار اہم تھا۔ تحقیق کے مطابق طویل المعیاد بنیادوں پر دہی کے استعمال سے آنتوں کے کینسر کا خطرہ 20 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے دریافت کیا کہ ہر ہفتے 2 یا اس سے زائد بار دہی کھانے سے کینسر کی اس قسم سے بچنے میں مدد ملتی ہے، انہوں نے بتایا کہ یہ کافی عرصے سے مانا جاتا ہے کہ دہی کا استعمال معدے کی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے اور ہماری تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ اس سے آنتوں کے کینسر کی مخصوص اقسام سے تحفظ ملتا ہے، ممکنہ طور پر دہی کے استعمال سے معدے میں موجود بیکٹیریا میں تبدیلیاں آتی ہیں جو صحت کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔