ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ٹیم نے نیا اعزاز حاصل کر لیا، پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو اعلیٰ معیار پر سوئٹزرلینڈ سے انٹرنیشنل سرٹیفکیٹس مل گئے۔
پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو آئی ایس او 901 اور آئی ایس او 27001 سرٹیفکیٹ کا اجرا کیا گیا، پنجاب سہولت بازار اتھارٹی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والی اپنی نوعیت کی پہلی اتھارٹی بن گئی۔
سہولت بازار اتھارٹی کا مجموعی طور پر 17 ہزار سے زائد اسٹالز قائم کرنے کا ریکارڈ بھی قائم ہے، پنجاب کے 36اضلاع میں 6 ہزار سٹالز اور نئے بننے والے 10سہولت بازاروں میں ایک ہزار سٹالز قائم ہیں۔
پنجاب بھر میں ویک اینڈ پر لگنے والے 10ہزار سے زائد عارضی سٹال عوام کی سہولت کیلئے موجود ہیں، صوبے کے مزید 3 اضلاع میں سہولت بازار کا آغاز جنوری 2026 تک کرنے کا ہدف مقرر ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے عالمی سرٹیفکیشن پر اظہار مسرت اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی کیلئے سہولت بازار اتھارٹی کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستی اور معیاری اشیاء کا حصول پنجاب کے عوام کا حق ہے، پنجاب کے سرکاری اداروں کو صحیح معنوں میں خدمت مرکز بنا رہے ہیں، سستی روٹی اور سستا آٹا عوام کیلئے احساس کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔