وزیر اعلیٰ پنجاب کا ڈاکٹروں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی بل لانے کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب کا ڈاکٹروں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی بل لانے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اجلاس ،   ہسپتالوں، ڈاکٹروں اور عملے کے تحفظ کے لئے قانون سازی کا فیصلہ،  ہیلتھ پروفیشنلز سکیورٹی بل کو آئندہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اجلاس ہوا جس میں پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کیس پر ہونے والی پیشرفت اور ہسپتال کو فنکشنل کرنے کے لئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر پنجاب حکومت نے ہسپتالوں، ڈاکٹروں اورعملے کے تحفظ کے لئے قانون سازی کا فیصلہ کیا ، وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ہیلتھ پروفیشنلز سکیورٹی بل کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں، عملے یا مریضوں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کو رات تک فنکشنل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں،ایمرجنسی کی بندش سے دل کے مریضوں کو مشکلات کا سامناہے، ایمرجنسی کو جلد سے جلد مریضوں کے لئے کھولنا پہلی ترجیح ہے، ہنگامہ آرائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیازقانونی کارروائی جاری ہے، قانون ہاتھ میں لینے والے شر پسند عناصر سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، اس کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔

  وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہر شخص کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، جبکہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ پی آئی سی کی بحالی کے لئے دن رات کام ہورہا ہے۔

 اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد،فیاض الحسن چوہان، محمد ہاشم ڈوگر، تیمور بھٹی، عنصر مجید خان نیازی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،سیکرٹری قانون، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، کمشنر لاہور ڈویژن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او لاہور اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

۔

Sughra Afzal

Content Writer