وقاص احمد:تھانہ بھاٹی گیٹ کے کانسٹیبل کو ایک الزام علیہ کی مبینہ سفارش کرنا مہنگا پڑ گیا، اختیارات سے تجاوز، شہری پر تشدد اور افسر سے مبینہ بدتمیزی کے الزام میں اپنے ہی تھانے میں مقدمہ درج ہونے کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق محمد اصغر اور الزام علیہ عبداللہ اے ایس آئی شہزاد علی کے کمرے میں بیٹھے ہوئے تھے۔ اسی دوران کانسٹیبل ارسلان کمرے میں داخل ہوا اور عبداللہ کی مبینہ طور پر طرف داری شروع کردی۔
ایف آئی آر کے مطابق اے ایس آئی شہزاد علی نے کانسٹیبل ارسلان کو مداخلت سے منع کیا، تاہم وہ باز نہ آیا۔ بعد ازاں کانسٹیبل ارسلان نے درخواست دہندہ محمد اصغر کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کانسٹیبل ارسلان نے اے ایس آئی شہزاد علی سے نازیبا زبان بھی استعمال کی۔ اے ایس آئی نے واقعے سے متعلق اعلیٰ افسران کو آگاہ کیا، جس کے بعد کانسٹیبل ارسلان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل ارسلان کے خلاف اپنے ہی تھانے میں اختیارات سے تجاوز کی دفعہ 155-C کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور اسے تھانے کے اندر ہی سے گرفتار کرلیا گیا۔