جشن آزادی، شہر بھر میں ریلیاں

جشن آزادی، شہر بھر میں ریلیاں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حافظ شہباز علی/عابد چوہدری ) جشن آزادی کے موقع پر رائیڈ فار پاکستان کے زیر اہتمام لبرٹی مارکیٹ سے پریس کلب تک بائیک ریلی نکالی گئی، شرکا کہنا تھا کہ ریلی کا مقصد نوجوانوں میں پاکستانیت کا شعور اجاگر کرنا ہے۔

جشن آزادی کی خوشی میں لبرٹی چوک سے لاہور پریس کلب تک رائیڈ فارپاکستان موٹر بائیک ریلی نکالی گئی، سینئر بائیکر سلمان حمید کھوکھر نے ریلی کی قیادت کی۔ بائیکر شاہداقبال، علی امجد طاہر، مقصود چغتائی، زاہد بٹ،  اصغر علی چشتی، نعمان سپاس اور دیگر بائیکرز نے ریلی میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بائیک ریلی کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان دنیا کا خوبصورت ترین ملک ہے اور آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ قومی پرچم تھامے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے ریلی میں شرکت کی، نوجوان پاکستان زندہ باد، قائد زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔

ادھر سٹی ٹریفک پولیس یوم آزادی کی خوشی میں ہیوی بائیکس پر سوار ہوکر سڑکوں پر نکل آئی۔ ٹریفک پولیس نے چیف ٹریفک آفیسر کی سربراہی میں ریلی نکالی۔ بائیکس پر قومی پرچم آویزاں کیے گئے اور روٹ پر سائرن بجاتے رہے۔

مال روڈ سے نکلنے والی ریلی کی سربراہی چیف ٹريفک آفیسر سید حمادعابد نے ہیوی بائیک پر کی۔  ہیوی بائیکس پر قومی پرچم لگائے گئے تھے۔ جیل روڈ، مین بلیوارڈ، لبرٹی چوک اور گلبرگ کا علاقہ سائرن کی آواز سے گونجتا رہا۔

سی ٹی او سید حماد عابد کا کہنا تھا کہ شہری جشن آزادی مناتے ہوئے خیال رکھیں کہ کسی کی دل آزاری نہ ہو۔ ریلی میں شریک ٹریفک وارڈنز نے تجدید عہد کیا کہ وہ دوران ڈیوٹی شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرتے رہیں گے۔

ٹریفک پولیس کی موٹربائیک ریلی میں ایس پیز، ڈی ایس پیز اور پٹرولنگ افسران نے شرکت کی۔